بابر اعظم دہائی کے بہترین ٹی 20بالر کیلئے بھی مشکل چیلنج

کراچی: آئی سی سی کی جانب سے دہائی کے بہترین ٹی ٹوینٹی کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے والے افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان بھی بابر اعظم کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں بابر اعظم کے خلاف کھیلنا بھی ایک مشکل چیلنج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے پچھلے تین چار سال میں شاندار کرکٹ کھیلی اور ہر کنڈیشنز میں اپنی کوالٹی کا مظاہرہ کیا

 بابر اعظم اسپیشل پلیئر ہے اور بطور بولر وہ ایسے بیٹسمین کو بولنگ کرنا کافی انجوائے کرتے ہیں جو چیلنج دیتے ہیں کیوں کہ ایسے ٹاپ بیٹسمین کیخلاف آپ کا فوکس 200 فیصد ہوتا ہے اور آپ بالکل بھی چانس نہیں دینا چاہتے کیوں کہ بابر اعظم جیسے بیٹسمین کے سامنے آپ نے معمولی سی بھی غلطی کی تو وہ بھاری سزا دیتے ہیں۔

راشد خان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی اور اے بی ڈیولیرز اور اسٹیو اسمتھ جیسے کھلاڑیوں کے خلاف بولنگ کرنا مشکل ہوتا ہے۔

لیگ اسپنر نے کہا کہ جب سے لاہور قلندرز نے اسکواڈ میں شامل کیا ہے تب سے کافی سپورٹ ملی ہے اور فینز نے کافی محبت دکھائی ہے وہ کوشش کریں گے کہ اچھا پرفارم کریں اور مداح جیسی کرکٹ چاہتے ہیں ویسی ہی کھیلیں۔

راشد خان نے کہا کہ انہیں اندازہ اور تجربہ ہے کہ کس ٹاپ بیٹسمین کی کیا خوبی اور کیا خامی ہے اور کس کو کہاں بولنگ کرنی ہے اور وہ پی ایس ایل میں اس تجربہ سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔