کوئٹہ:بھارتی کھلاڑی کو شکست دینے والے قومی مارشل آرٹس ہیرو احمد مجتبیٰ کا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
کوئٹہ پہنچنے پر احمد مجتبیٰ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
احمد مجتبیٰ کا استقبال کرنے والوں میں پارلیمانی سیکریٹریز بشری رند اور دھنیش کمار، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی اور سیکرٹری کھیل عمران گچکی سمیت دیگر حکام بھی شامل تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے عزت دی۔
قومی ہیرو نے کہاکہ جس دن میری بھارتی کھلاڑی سے فائٹ تھی اس دن کشمیر ڈے تھا، مجھے اپنی جیت کیلئے لوگوں کی دعاؤں پر یقین تھا، اللہ نے مجھے کامیابی دی اور میں نے پاکستانی پرچم بلند کیا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، حکومت سے درخواست ہے کہ مارشل آرٹس کے لیے سہولیات فراہم کرے۔
ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ احمد مجتبیٰ نے 5 فروری کو ایک منٹ کے اندر بھارتی کھلاڑی کو ناک آؤٹ کیا تھا، احمد مجتبیٰ کی بھارتی کھلاڑی کے خلاف جیت کو ہم نے فتح کے طور پر منایا۔
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا احمد مجتبیٰ کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی احمد مجتبیٰ کو جیت پر مبارکباد دی۔