انگلش کرکٹ بورڈ نے رواں سال انگلینڈ میں ہونے والی ’دی ہنڈریڈ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ کے ڈرافٹ کیلئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی۔
250 سے زائد غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست مں 36 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ فہرست کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک لاکھ پاؤنڈز کی بیس پرائز کے ساتھ مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی 80 ہزار پاؤنڈز کی بیس پرائز کے ساتھ دوسرے مہنگے ترین کرکٹرز کے گروپ میں شامل ہیں جبکہ محمد حفیظ، شاداب خان اور وہاب کی بیس پرائز 60 ہزار پاؤنڈز مقرر کی گئی ہے۔
حال ہی میں کم بیک کرنے والے حسن علی بھی دی ہنڈریڈ کے پلیئرز ڈرافٹ میں شامل ہیں، ان کی ریزرو پرائیس 48 ہزار پاؤنڈز مقرر کی گئی ہے۔
وقاص مقصود، حسین طلعت، عماد وسیم اور فخر زمان دی ہنڈریڈ ڈرافٹ میں 40 ہزار پاونڈز بیس پرائز کے ساتھ جبکہ بلال آصف کی ڈرافٹ میں بیس پرائیز 32 ہزار پاونڈز کے ساتھ شامل ہیں۔
دیگر پاکستانی کرکٹرز بغیر کسی ریزرو پرائز کے فہرست میں شامل ہیں۔ ان کرکٹرز میں افتخار احمد، کامران اکمل، حیدر علی، فہیم اشرف، عماد بٹ، ظفر گوہر ،محمد حسنین، شرجیل خان، اعظم خان، سہیل خان، صہیب مقصود، اسامہ میر، محمد موسیٰ، محمد رضوان ،عثمان قادر ، حارث سہیل ، خوشدل شاہ، عثمان شنواری اور اسد شفیق شامل ہیں۔
دی ہنڈریڈ میں آٹھ ٹیموں میں مجموعی طور پر 28 پوزیشنوں کیلئے کھلاڑی منتخب کرنے کیلئے پلیئرز ڈرافٹ پیر کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے محمد عامر پہلے ہی لندن اور شاہین شاہ آفریدی برمنگھم کے اسکواڈ میں برقرار ہیں۔