پی ایس ایل 6کا میلہ ہفتہ کو سجے گا، تمام تیاریاں مکمل

 کراچی:پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)6کا رنگا رنگ میلہ ہفتہ سے روشنیوں کے شہر کراچی میں سجے گا،میگا ایونٹ کیلئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

پی ایس ایل 6 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا،ریکارڈ تقریب میں گلوکارعاطف اسلم،عمران خان، حمیمہ ملک اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا ترانہ گنگنانے والے گلوگار بھی جلوہ گر ہوں گے۔

تمام ٹیموں کی ایونٹ سے قبل تیاریاں جاری ہیں،تمام  فرنچائزز  کے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ چکے ہیں اور پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔

افتتاحی میچ میں دفاعی چیمئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی افتتاحی میچ شام ساڑھے7بجے شروع ہو گا۔

پی ایس ایل6میں مجموعی طور پر34میچز کھیلے جائیں گے‘پہلے مرحلے میں 20میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ کوالیفائر، 2ایلمنیٹر اور فائنل سمیت 14میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

 (شیڈول)

پاکستان سپر لیگ سیزن 6 میں کمنٹری کے لیے نامور ملکی اور غیر ملکی کمنٹیٹرز کو پینل میں شامل کیا گیا ہے۔

  پی سی بی کے کمنٹری پینل میں رمیز راجہ، بازید خان، سائمن ڈول  ڈومینک کارک، ایلن ولکنز، ڈینی موریسن، جے پی ڈومینی، پومی امیبنگوا، ثنامیر اور عروج ممتاز شامل ہیں،زینب عباس پریزنٹر ہوں گی، اردو  کمنٹری اس سال بھی ہوگی۔

 بیس فروری سے شروع ہونے والی کراچی لیگ 7مارچ تک جاری رہے گی۔ دس مارچ سے 22مارچ تک جاری رہنے والی لاہور میں جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی اور زمبابوے کے پومی ایمبینگوا بھی کمنٹری پینل جوائن کرلیں گے‘ ایچ ڈی کوریج کے دوران 30سے زائد کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔

 شائقین ای ٹکٹنگ کی ویب سائٹ پر تیزی سے ٹکٹوں کی بکنگ کروا رہے ہیں اور تمام ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی ہے۔ ٹکٹوں کی قیمت 500 سے 5000 روپے تک رکھی گئی ہے۔آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف سمیت پی سی بی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل7ارکان بھی لیگ میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

 افتتاحی تقریب کے فوری بعد لیگ کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا،کراچی اور کوئٹہ کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔