جنوبی افریقہ اپریل میں پاکستان ٹیم کی میزبانی کریگا، شیڈول جاری

اسلام آباد:کرکٹ جنوبی افریقہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم رواں سال اپریل میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔

 جنوبی افریقہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ اور چار ٹی -20 میچوں کی سیریز کی میزبانی کرے گا۔

 کرکٹ جنوبی افریقہ نے اپریل میں 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹونٹی میچوں کی میزبانی کی تصدیق کی ہے۔

 جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تمام میچز وارنڈررز اور سپرسپورٹ پارک میں کھیلے جائیں گے۔ 

جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 2 اپریل کو سپر سپورٹس پارک، سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

 دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 4 اپریل کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا جبکہ تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 7اپریل کو سپر سپورٹس پارک، سنچورین کھیلا جائے گا۔

 اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹی -20 میچوں کی سیریز کا آغاز 10 اپریل کو پہلے میچ سے ہوگا، یہ میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

 چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 12اپریل کو جوہانسبرگ میں ہی کھیلا جائے گا۔

 تیسرا ٹی -20میچ 14اپریل کو جبکہ چوتھا اور آخری میچ 16اپریل کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

 جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر گریم سمتھ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تین ون ڈے اور چار ٹی -20میچوں کے شیڈول پر بہت خوش ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی سالوں سے محدود اوورز کے میچوں میں خطرناک ٹیم ہونے کا ثبوت دیا ہے، مجھے یقین ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران وہ میزبان ٹیم کو ٹف ٹائم دے گی اور شائقین کرکٹ کو بہترین میچز دیکھنے کو ملیں گے۔