کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 6 کے آغاز میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، ہفتے کو چوکوں، چھکوں کی برسات کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، میگا ایونٹ میں برتری کی جنگ لڑنے کیلیے ٹیموں کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، دوسری جانب شائقین کرکٹ بھی غیر ملکی اور ملکی کرکٹ اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے بے تاب نظر آرہے ہیں، سیکیورٹی اداروں نے اپنے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، محدود تعداد میں تماشائیوں کی آمد کے پیش نظر کورونا پروٹولز پر عمل درآمد یقنی بنانے کیلیے بھی متعلقہ ادارے اپنی پلاننگ کر چکے۔
شائقین کی آمد پر کورونا پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلیے متعلقہ ادارے سرگرم ہیں، جمعرات کو لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے پریکٹس سیشنز کیے، پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے انٹرا اسکواڈ میچ کھیلا، کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پریکٹس میچ میں مقابل ہوئے،اسکواڈز کی جانب سے بلند عزائم کے اظہار کا سلسلہ بھی جاری ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ پلیئنگ الیون میں 6بیٹسمینوں کی شمولیت کو ترجیح دیں گے،میرا بیٹنگ آرڈر حالات کے مطابق ہوگا،وکٹ کیپنگ خود کروں گا۔
اعظم خان متبادل ہوں گے،انجری سے نجات پانے والے پیسر نسیم شاہ بھرپور ردھم میں ہیں۔ کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ہرشل گبز نے کہا کہ ہمارے پاس انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑی موجود ہیں، ورلڈ کلاس بابر اعظم کی صلاحیتوں میں کسی شک کی گنجائش نہیں،وہ اس بار بھی سیزن کے بہترین کھلاڑی قرار پائیں گے،کپتان عماد وسیم، جارح مزاج اوپنر شرجیل خان، کولن انگرام اور چیڈوک والٹن سے بھی امیدیں وابستہ ہیں،ہمیں محمد عامر جیسا اعلیٰ معیار کا فاسٹ بولر بھی میسر ہے۔
جمعرات کو اسکواڈز کی پریکٹس اور میچز کے طے شدہ شیڈولز میں تبدیلی کر دی گئی،نئے پروگرام کے تحت ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہوئے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے پریکٹس سیشنز کیے، پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کے گراؤنڈ پر انٹرا اسکواڈ میچ کھیلا، تیاریوں کی جانچ کیلیے کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پریکٹس میچ میں مقابل ہوئے۔دوسری جانب ٹیموں کی جانب سے بلند عزائم کے اظہار کا سلسلہ بھی جاری ہے۔