کوئٹہ: گوادر میں جہاں سی پیک کے تحت کئی تعمیراتی منصوبے جاری ہیں، جو نہ صرف ملکی بلکہ عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بھی بنے ہوئے ہیں، وہیں آج کل پہاڑوں کے دامن میں بنائے گئے پہلے کرکٹ اسٹیڈیم اور گوادر کے ساحل کے بھی چرچے ہیں۔
جنوری کے اواخر میں معروف اداکار و گلوکار فخر عالم نے گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں۔
ان کی ٹوئٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت دیگر شخصیات نے بھی اس کرکٹ اسٹیڈیم کی تصاویر شیئر کی تھیں۔
جس کے بعد 19 فروری کو 'گوادر کرکٹ اسٹیڈیم' میں نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا تھا جو ڈولفنز اور شوبز شارکس کے درمیان منعقد ہوا تھا۔
ڈولفنز کی قیادت وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور شوبز ٹیم کی قیادت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کی تھی۔
فخر عالم نے پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں 25مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین نمائش میچ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
اب فخرِ عالم نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ جب بھی گوادر کا رخ کریں تو اس کے ساحل کی خوبصورتی کو نقصان نہ پہنچائیں۔
فخر عالم نے گوادر کے ساحل کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گوادر کے ساحل صاف ہیں، جب کبھی آپ وہاں جائیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ساحل پر کسی قسم کا کچرا یا پلاسٹک کی اشیا نہ پھینکیں۔
فخر عالم کا مزید کہنا تھا کہ گوادر کے ساحل پر آئیں، کھیلیں، اس خوبصورت پانی میں تیریں اور مجھے اس سے متعلق بتائیں۔