کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکیٹ کیپر بیٹسمین اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ وہ اپنی محنت کوشش اور ہمت پر کوئی سودے بازی نہیں کرتے۔
رزلٹ اللہ کے ہاتھ میں ہے، محنت کرتے ہیں اس کا صلہ ملتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ملتان سلطانز کی اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف شکست کے بعد ایک بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ وہ کبھی بھی ہمت نہیں ہارے‘ وہ بیٹنگ کرتے وقت یہ نہیں سوچتے کہ گیند سپن ہورہا ہے یا زیادہ سوئنگ ہورہا ہے بلکہ جس طرح کی بھی باؤلنگ ہوتی ہے اس کا وہ بلا خوف سامنا کرتے ہیں۔
سیزن چھ کے لیے ملتان سلطانز کی قیادت سنبھالنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ ان کی ٹیم میں کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلے ہی ٹاپ لیول پر کپتانی کرچکے ہیں اس لئے ان کے لیے کام آسان ہوگیا ہے۔
ٹیم میٹنگ میں بھی کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ ہر کوئی اپنی پوزیشن پر کپتان ہے اور ہر کسی کو اپنی ذمہ داری لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لیے بس اتنا ہی کافی ہے کہ پلیئرز گراؤنڈ میں اپنا سو فیصد ایفرٹ دیں اور جیت کے لیے کردار ادا کریں، باقی نتیجہ کیا آتا ہے یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
محمد رضوان نے فیلڈ میں سابق کپتان شان مسعود کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شان مسعود جب کرس لین کی جگہ فیلڈنگ پر آئے تو بھرپور انجری کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ شان مسعود اچھے انسان ہیں دعا ہے کہ وہ ہمیشہ ایسے ہی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہار تو ہار ہی ہوتی ہے چاہے جس انداز میں بھی ہاریں،اسلام آباد یونائٹیڈ کیخلاف میچ میں ٹیم برا نہیں کھیلی، دس پندرہ رنز کم کیے لیکن مقابلہ خوب کیا جس کی وجہ سے میچ آخر تک گیا۔