پی ایس ایل6، پشاور زلمی کی پہلی فتح، ملتان سلطانز کو 6وکٹوں سے شکست

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)2021ء کے چھٹے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

 نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں مشکل ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور کامران اکمل نے ابتدائی دو اوورز میں 12 رنز بنائے تاہم یہ سلسلہ کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ نے توڑ دیا اور شاہد آفریدی سمیت دیگر باؤلرز کے خلاف چوکے اور چھکے مارے۔

عثمان قادر نے کامران اکمل کی اننگز کو 37 رنز تک محدود کردیا۔ علیم ڈار کے فیصلے کیخلاف محمد رضوان نے اپیل کی اور تھرڈ امپائر نے کامران اکمل کو ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا۔

اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نئے بلے باز ٹام کوہلر نے امام الحق کے ساتھ ملکر ٹیم کا سکور 134 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر امام الحق 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے بیٹنگ شروع کی تومحمد عرفان باؤلنگ کے لیے آئے اور کرس لین کو حیدر علی کے ہاتھوں سلپ پر کیچ کروادیا۔

 محمد رضوان اور جیمز ونس نے 56 گیندوں پر 82 رنز بنائے، رضوان وقفے کے بعد عمران جونیئر کی پہلی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے۔

 جیمزونس نے صہیب مقصود کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور 39 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جو پی ایس ایل میں ان کی تیسری نصف سنچری ہے،صہیب مقصود 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز ونس 56 گیندوں پر 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں 9 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 193 رنز بنائے جو پی ایس ایل کے رواں سیزن کا ابتک کا سب سے بڑا ہدف ہے۔رائلی روسو 14 اور خوشدل شاہ نے 6 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے 2 وکٹیں لیں۔ 

خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچ میں ناکامی سے دو چار ہوئی تھیں۔ دونوں ٹیموں نے اہم میچ کے لیے 2،2 تبدیلیاں کیں۔

 زلمی نے گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے روی بوپارہ کو بھی شامل نہیں کیا جبکہ سلطانز نے عثمان اور شاہنواز دھانی کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا۔