ٹائیگر ووڈز ٹریفک حادثے میں شدید زخمی

لاس اینجلس:گالف کے سابق عالمی نمبر ون کھلاڑی ٹائیگر ووڈز لاس اینجلس میں ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گالفر ٹائیگر ووڈز بدھ کی صبح لاس اینجلس میں ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے جس سے ان کے پیر میں شدید چوٹیں آئی، انہیں حادثے کے بعد ریسکیو اداروں نے اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی سرجری کی گئی۔ 

پولیس کے مطابق حادثے کے وقت ٹائیگر ووڈز گاڑی میں اکیلے تھے اور انہیں گاڑی کاٹ کر ریسکیو کیا گیا۔ 

ٹائیگر ووڈ اس سے قبل 2009 میں بھی ٹریفک حادثے کا شکار ہوئے تھے جب کہ 2017 میں انہیں پولیس نے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے شبے میں حراست میں بھی لیا تھا۔ 

خیال رہے کہ ایک طویل عرصے تک گالف کے نمبر ون کھلاڑی رہنے والے اور تاریخ کے کامیاب ترین گالفرز میں سے ایک  ٹائیگر ووڈز ان دنوں گالف کی عالمی رینکنگ میں 50ویں پوزیشن پر ہیں۔