مانچسٹر:برطانوی حکومت نے کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی حکومت نے آؤٹ ڈور کھیلوں پر عائد پابندی کو 29مارچ سے مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں 29مارچ سے ٹینس اور باسکٹ بال کورٹس اور گالف کورس کے علاوہ فٹ بال گراؤنڈ بھی کھول دیے جائیں گے جبکہ 21جون تک تمام کھیلوں پر عائد پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی، لاک ڈاؤن اور سماجی پابندیاں جون میں ختم ہونے کے بعد اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے کہ اب کرکٹ شائقین کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت ہو گی۔
کھیلوں پر عائد پابندی ختم ہونے کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ہونے والے ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیزیز کی ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں۔
حکومت نے مرحلہ وار پابندیوں کو مشروط طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا، اس حوالے سے چار شرائط پیش کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان شرائط میں، ویکسین پروگرام، اموات میں کمی، انفیکشن کی شرح اور نئے وائرس کی صورت حال شامل ہوگی۔
فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت باقاعدگی سے اقدامات کا جائزہ لے گی،جس کے تحت سماجی دوری کم کرنے اور انٹرنیشنل ٹریول کی اجازت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ برطانوی شہروں ویلز، اسکاٹ لینڈ اور ناردرن آئرلینڈ میں عائد لاک ڈان میں نرمی کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے اور ایس او پیز پر عمل کروانے کے لیے حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔