کراچی: پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا .
کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔
دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پی ایس ایل کی ریکارڈ 176 رنز کی اوپننگ شرکت بناڈالی جس کے بعد بابر اعظم 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر شرجیل خان بھی 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
بابراعظم اور شرجیل خان کی بیٹنگ کے سامنے اسلام آباد کے بولرز بے بس نظر آئے، دونوں کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش شارٹس کھیلے جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان عماد وسیم، بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، ڈین کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال شامل ہیں جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان، فلپ سالٹ، آصف علی، فہیم اشرف، لیوس گریگری، الیکس ہیلز، حسن علی، ظفر گوہر، محمد وسیم، حسین طلعت اور افتخار احمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں اب تک ایک، ایک میچ کھیلا ہے اور دونوں ہی ناقابل شکست رہے ہیں۔