اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی:پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں اسلام آباد نے کراچی کنگز کے 197 رنز کا ہدف 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔

کراچی کنگز کے ہدف کے تعاقب اسلام آباد کے اوپنرز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، اوپنر فل سالٹ صفر پر پویلین لوٹ گئے جب کہ الیکس ہیلز نے 46 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے۔

 کپتان شاداب بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے جب کہ فہیم اشرف صرف 25 رنز ہی بناسکے۔

82 پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور حسین طلعت نے اسکور کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت قائم کی۔

 افتخار احمد نے 49 اور حسین طلعت نے جارحانہ 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم حسین طلعت ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد آصف علی نے صرف 9 گیندوں پر 21 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی جس کی بدولت اسلام آباد کی ٹیم نے 197 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔

 کراچی کنگزکی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔

 دونوں اوپنرز نے 176 رنز کی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بناڈالا‘ بابر اعظم 62 رنز بناکر آٹ ہوگئے جبکہ اگلی ہی گیند پر شرجیل خان بھی 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔شرجیل کی سنچری اور ریکارڈ شراکت بھی کراچی کو شکست سے نہ بچاسکی۔