دوسرا ٹی 20، نیوزی لینڈ کا 220رنز کا ہدف، آسٹریلیا صرف 4رنز سے ہار گیا

ویلنگٹن: میزبان نیوزی لینڈ نے ہائی اسکورنگ ٹی ٹوئنٹی میچ میں کینگروز کو 4 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے یونیورسٹی اوول گراؤنڈ میں مہمان آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ بیس رنز پر اس وقت گری جب ٹم سیفرٹ 3 رنز بناکر ڈینیل سیمز کا شکار ہوئے۔

بعد ازاں کپتان کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے کینگروز بولرز کا بھرکس نکال دیا، دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے، کیوی کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں برق رفتار 131 رنز بنائے، 151 رنز کے مجموعے پرگپٹل 97 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مارٹن گپٹل نے آٹھ بلند وبالا چھکے بھی لگائے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ بیس اووز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے، کین ولیمسن نے 53 ،جیمس نیشم نے 16 گیندوں پر 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کینگروز نے ہدف کے تعاقب کے لئے جارحانہ انداز اپنایا، مگر کیوی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث آسٹریلیا بڑی پارٹنر شپ قائم نہ کرسکا، اور اس کے کھلاڑی پویلین لوٹنے لگے مگر دوسرے اینڈ پر موجود اسٹوئنس نے اپنی بلے بازی جاری رکھی۔

میچ میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوئی جب کینگروز کو آخری اوورز مین جیت کے لئے 15 رنز کی ضرورت تھی، تاہم بیٹنگ کے بعد بولنگ میں جمی نیشم نے بہترین کارکردگی دکھائی اور آخری اوورز میں آسٹریلیا کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے میچ کو کیویز کی جھولی میں ڈال دیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی کیویز کو کینگروز کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا اگلا میچ تین مارچ کو ہوگا۔