کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے واضح کیا ہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں۔
پی سی بی حکام کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ان کے محمد حفیظ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں، ان کی پرفارمنس پر انہیں کنٹریکٹ دے رہے تھے، فیصلہ یہی تھا کہ انہیں ریوارڈ دینا چاہیے، مگر انہوں نے خود ہی جون تک انتظار کرنے کا کہہ دیا۔
وسیم خان نے بتایا کہ حفیظ کو خریدنے والی بات بے بنیاد ہے، محمد حفیظ کی پرفارمنس قابل تعریف ثابت ہورہی ہے، حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ کی سی گٹیگری میں ڈالنے کا دفاع کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسی طرز سے کنٹریکٹ دیئے جاتے ہیں۔
سی ای او وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ کئی ممالک میں پی ایس ایل میچ نشر کیاجاناخوش آئند ہے، پی ایس ایل میں ہر لحاظ سے بہتری لائی جارہی ہے، یہ کرکٹ کا ایک بڑا پراڈکٹ بن چکا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں پی ایس ایل کے موجودہ سیزن میں جو ٹاس جیتے وہی میچ بھی لے جائے، کراچی میں اوس کا فیکٹر موجود ہے، یہ کراچی کا نہیں، ڈیو فیکٹر کا مسئلہ دنیا بھر کی کرکٹ میں ہوتا ہے۔