کراچی: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد دیگر کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پی ایس ایل کے ایونٹ میں شریک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایونٹ کا مزید انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔
کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹیموں کی دوبارہ کورونا ٹیسٹنگ ہورہی ہے، ہوٹل میں ٹیم کے کھلاڑیوں کی ریپڈ کورونا ٹیسٹنگ ہورہی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ 7 بجے شروع ہونا تھا جو بعد ازاں 9بجے تک موخر کردیا گیا تھا۔
تاہم اب پی سی بی کی جانب سے آج کا ہونیوالا میچ ملتوی کرنیکا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق کھلاڑی کا ٹیسٹ اتوار کو مثبت آیا تھا، اسے آئسولیشن میں رکھا گیا ہے، کھلاڑی کو پی ایس ایل میں شرکت کرنے کے لیے2 ٹیسٹ منفی آنا ضروری ہیں، دوسری ٹیم کے ٹیسٹ بھی جلد لیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر 4 ٹیموں کے کورونا ٹیسٹ بھی جلد لیے جانے کا امکان ہے۔
ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنا یا جارہا ہے۔