قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا روانہ

 

پاکستان وائٹ بال کرکٹ اسکواڈ جنوبی افریقا روانہ ہو گیا  جو چارٹرڈ فلائٹ سے آج جوہانسبرگ پہنچے گا۔

 

پاکستان وائٹ بال اسکواڈ کے 34 اراکین میں 21 کھلاڑی اور 13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں جب کہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین سعود شکیل ٹانگ میں انجری کی وجہ سے جنوبی افریقا سیریز سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ آصف علی کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

 قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ جنوبی افریقا میں 3 ایک روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

 قومی اسکواڈ جنوبی افریقا سے 17 اپریل کو ہرارے روانہ ہوگا جہاں  پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹیسٹ اسکواڈ کے 10 ارکان 12 اپریل کو زمبابوے روانہ ہوں گے جب کہ قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقا اور زمبابوے مکمل کرکے 12 مئی کو وطن واپس پہنچے گی۔