برلن:فیفا ورلڈ کپ یورپیئن کوالیفائرز میں جرمنی نے رومانیہ، سپین نے جارجیا، اٹلی نے بلغاریہ، فرانس نے قزاخستان، انگلینڈ نے البانیہ، ہنگری نے سان مارینو، پولینڈ نے انڈورا، ڈنمارک نے مالڈووا، سوئٹزرلینڈ نے لتھوانیا اور سویڈن نے کوسوو کو شکست دے دی۔
فن لینڈ اور یوکرین کے مابین کھیلا گیا میچ برابر رہا۔
فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل ارینا میں کھیلے گئے گروپ جے کے میچ میں جرمنی نے رومانیہ کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے ہرایا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے واحد اور فیصلہ کن گول سرج گنبری نے کیا۔ گروپ بی کے میچ میں سپین نے جارجیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ سپین کی طرف سے فیران توریس اور دانی اولمو نے گول ایک، ایک گول کیا۔
گروپ سی کے میچ میں اٹلی نے بلغاریہ کو بآسانی 0-2 سے مات دی۔ بیلوٹی اور لوکیٹیلی نے اٹلی کی جانب سے گول کئے۔ آستانہ ارینا میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں فرانس نے قزاخستان کو 0-2 سے شکست دی۔ فرانس کی طرف سے اوسمان ڈیمبلی اور سرجے ملی نے ایک، ایک گول کیا۔
گروپ آئی کے میچ میں انگلینڈ نے البانیہ کو 0-2 سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے ہیری کین اور میسن ماؤنٹ نے گول کئے۔
سان مارینو سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ آئی کے میچ میں ہنگری نے میزبان ٹیم سان مارینو کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے ہرایا اور ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کی۔ ہنگری کی جانب سے ایڈم زیلائی، رولانڈ اور نیمانجا ککولچ نے ایک، ایک گول کیا۔
پولش آرمی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پولینڈ نے انڈورا کو 0-3 سے مات دی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے رابرٹ لیوینڈوسکی نے دو بار گیند گول میں پہنچایا۔
گروپ ایف کے میچ میں ڈنمارک نے مالڈووا کو آؤٹ کلاس کردیا اور 0-8 سے فتح سمیٹی۔ ڈنمارک کی طرف سے کیسپر ڈول برگ اور مخیل ڈامسگارڈ دو، دو گول کئے۔
گروپ سی کے میچ میں سوئٹزر لینڈ نے لتھوانیا کو 0-1 سے شکست دی۔ سوئٹزرلینڈ کی طرف سے واحد اور فیصلہ کن گول شکیری نے سکورکیا۔
گروپ بی کے میچ میں سویڈن نے کوسوو کو 0-3 سے ہرایا اور مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ فن لینڈ اور یوکرین کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔