بابر اعظم بہتر پرفارمنس کے لئے پر امید

پاکستان فیورٹ ہے، افریقا کیخلاف سیریز جیت کر پوائنٹس بہتر کریں گے: بابر اعظم

 

 

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے گرین شرٹس کو فیورٹ قرار  دیتے ہوئے کہا ہے کہ میزبان ٹیم کے خلاف سیریز جیت کر  اپنے پوائنٹس بہتر کریں گے۔

 

پاکستان کرکٹ ٹیم  کے  کپتان بابراعظم نے  ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پریکٹس اچھی رہی اور  تمام کھلاڑیوں نے خود کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ جیت کے سلسلے کو جاری رکھیں گے، پوری ٹیم پُراعتماد ہے کہ ہم جیتیں گے، ماڈرن ڈے کرکٹ کو سامنے رکھ کر پلان بنائے ہیں، دنیا میں جس طرح کی کرکٹ ہو  رہی ہے جنوبی افریقا کے خلاف اس کے مطابق ہی کھیلیں گے۔

 

کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کی ٹیم اپنی کنڈیشنز میں اچھا کھیلتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ جیتیں اور  اپنے پوائنٹس کو  بہتر کریں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ ہم نے پریکٹس بھی اس پلان کے مطابق کی ہے کہ اسٹرائیک ریٹ اچھا ہو، اب ہم نے ماڈرن کرکٹ کھیلنی ہے، ہم بھی 350 رنز تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر  اعظم کا کہنا تھا کہ کمبی نیشن ذہن میں ہے، ٹیم میں ایک دو تبدیلیاں ہوتی ہیں جو مناسب ہو گا اسے کھلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کھلاڑی دستیاب ہوتے ہیں، دیکھیں گے کہ کمبی نیشن میں کون سیٹ ہوتا ہے، سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے، ٹاپ فور  زیادہ کھیلیں گے تو اسٹرائیک بھی اچھا ہو گا اور  آپ 350 رنز تک پہنچیں گے۔

کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ بہتری کی ہروقت گنجائش رہتی ہے اور  اس پر کام جاری رہتا ہے، ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنا ہے اور  یہی ہمارے فائدے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ کھلانے سے پرفارمنس بھی بہتر ہوتی ہے اور اعتماد بھی بڑھتا ہے، مجھے اپنی بولنگ پر اعتماد ہے جو مخالف ٹیم کو  300 سے کم رنز  تک محدود رکھ سکتی ہے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی اسٹرینتھ اور کمبی نیشن اچھا ہے لیکن جس طرح ہماری تیاری ہے میں پاکستان ٹیم کو فیورٹ سمجھتا ہوں۔

سرفراز  احمد کو کھلائے جانے سے متعلق سوال پر  بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام کھلاڑی بہترین ہیں، جیسے دوسرے کھلاڑیوں کے لیے پلان بنایا گیا ہے ویسے ہی پلان سرفراز  احمد کے لیے بھی ہے، جب بھی موقع بنا تو  سرفراز احمد کو کھلائیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 2 اپریل کو  ہو گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 4 اپریل اور  تیسرا 7 اپریل کو کھیلا جائے گا۔