پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے امکانات روشن

 لاہور: اکتوبر اور نومبر میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے امکانات روشن ہوگئے، آئی سی سی بورڈ اجلاس میں ویزوں اور ٹیکس معاملات پر مثبت بات چیت کی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلامیے کے مطابق اگلے ماہ میں یہ دونوں معاملات حل ہوجائیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم، آفیشلز، میڈیا اور شائقین کے لیے ویزوں اور سیکیورٹی کے سلسلے میں تحریری ضمانت مانگی تھی۔

بورڈ کے اجلاس رواں سال کے آخر میں ڈھاکا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز انڈر نائنٹین ورلڈکپ ملتوی کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔ اب یہ ایونٹ کورونا وائرس کی صورت حال میں بہتری پر دو برس بعد کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔

بورڈ کے اجلاس میں آئی سی سی نے اس بات کی بھی منظوری دی کہ سینئر ایونٹس میں جہاں قرنطینہ لازمی ہوگا وہاں ہر ملک اپنے دستے میں 7 اضافی کھلاڑی یا سپورٹ اسٹاف ساتھ لاسکتا ہے۔