بابر اعظم نے کور ڈرائیو پر مہارت کیسے حاصل کی؟

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ان کا پسندیدہ شاٹ کور ڈرائیو ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہوں نے اپنے پسندیدہ شاٹ کور ڈرائیور سے متعلق بتایا۔

بابر اعظم نے کہا کہ بہت سے لوگ میرے کور ڈرائیو شاٹ کی تعریف کرتے ہیں اور اس سے متعلق مجھ سے پوچھتے بھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کلب کرکٹ میں بھی کور ڈرائیو کی بہت پریکٹس کی، اس دوران کئی مرتبہ آؤٹ بھی ہوا کیونکہ پہلے ہی کور ڈرائیو کھیلنے چلا جاتا تھا لیکن بعد میں اس پر مہارت حاصل کی۔

بابر اعظم نے کہا کہ لوگ میرے کور ڈرائیو شاٹ کی تعریف کرتے ہیں تو خوشی ہوتی ہے کیونکہ اس کے پیچھے میری محنت شامل ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم ان دنوں جنوبی افریقہ میں موجود ہے، گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میچ میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے کل جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔