مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی تاریخی تُرک سیریزکے ایک سین نے جاندار و پسندیدہ کردار بامسی بے کے چاہنے والوں کو افسردہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی تاریخی تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ اور اس کے سیکوئل ’کورلش عثمان‘ میں ارطغرل کے قریبی دوست ’بامسی بے‘ کا کردار اپنے اختتام کو پہنچا۔
پوری دنیا کو اپنے سحر میں جکڑنے والی تُرک سیریز کےجاندار و پسندیدہ کردار ’بامسی بے‘ آج کے بعد سیریز میں دکھائی نہیں دیں گے کیونکہ کورلش عثمان کے سیزن 2 کی گزشتہ رات نشر ہونے والی 60 ویں قسط میں ’بامسی بے‘ کا کردار اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
ڈرامے میں ‘بامسی بے‘ کی موت کے سین نے دنیا بھر میں موجود اس کردار کے چاہنے والوں کو جذباتی کردیا ہے، اسی وجہ سے پاکستان میں ’بامسی بے‘ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
7 اکتوبر کو ترکی کے وقت کے مطابق رات 8 بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے کورلش عثمان کے سیزن 2 کا آغاز ہوا تھا۔
’ارطغرل غازی‘ کے کرداروں میں سے صرف بامسی بے اور عبدالرحمٰن بے کورلش عثمان کے سیزن 1 میں نظر آئے تھے جو بعد میں سیزن 2 کا بھی حصہ بنے۔
ڈرامے میں ’ارطغرل غازی‘ کے وفادار پُرانے ساتھیوں کے کرداروں کا اختتام ڈرامہ دیکھنے والوں کو جذباتی کررہا ہے۔
خیال رہے کہ کورلش عثمان کی شوٹنگ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہی اور محمد بوزداغ کا کہنا تھا کہ کورلش عثمان مزید 5 سے 6 سال تک جاری رہے گا اور یقیناً اپنے عہد کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک ہوگا۔