"اسپیشل 26 " نامی بھارتی فلم کو پاکستان میں حقیقت کا رنگ دینے کا انکشاف ہوا ہے،جس میں گرفتار ملزم نے مزید حیران کن انکشافات کردئے اور نیب نے ملزم کی نشاندہی پر 50 سے زائد افسران و تاجر شامل تفتیش کر لیا ہے۔
بھارتی فلم "اسپیشل 26 " 2013 میں ریلیز کیا گیا جس میں مشہور بھارتی اداکار اکشے کمار نے سی بی آئی کے ایجنٹ کا کردار نبھایا ہے ،اور فلم کی کہانی 1980میں سی بی آئی کے ایجنٹ بن کر ڈاکے ڈالنے والے گروہ کے واقعہ پر مبنی ہے۔
اب یہاں پاکستان میں خالد سولنگی نامی ملزم اور اس کے گروپ نے نیب افسران بن کر اس بھارتی فلم کے ریل کو حقیقت کا رنگ دے دیا ہے۔
نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ خالد سولنگی نامی ملزم اور اس کا گروپ نیب افسران بن کر سرکاری افسران اور تاجروں کو بلیک میل کرکے رقم لیتے تھے، اور کیسز ختم کرنے کے جھوٹے وعدے کئے جاتے تھے، گزشتہ ماہ جعلساز خالد سولنگی کے بیٹے عامر کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، اور ملزمان کے زیرِ استعمال 4 سو سے زائد سمز بھی نیب حکام نے برآمد کرلیں، جب کہ خالد سولنگی کو دبئی سےانٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کے لئے نیب نے وزارت داخلہ کو درخواست بھیج دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چئیرمین اور ڈی جی نیب کے نام پر لوٹ مار کرنے والے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نیب کراچی نے تحقیقات میں 50 سے زائد سرکاری افسران اور تاجروں کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب کے نام پر جعلساز خالد سولنگی کو رقم دینے والوں میں ایڈیشنل ہوم سیکرٹری عامر خورشید بھی شامل ہیں، تاہم نیب کی طلبی پر عامر خورشید جواب دینے کے بجائے رخصت پر امریکا چلے گئے۔ اسپیشل ہوم سیکرٹری نے مقدمات سے بچنے کے لئے 80 لاکھ روپے جعلساز کو ادا کئے، جب کہ عامر خورشید پر حقیقت میں لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے نیب میں تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جعلساز خالد سولنگی اور اس کے بیٹے عامر حسین کو ڈسٹرکٹ فوڈ آفیسر بدین منور میرانی نے بھی رقم دی، فوڈ آفیسر منور میرانی نے 50 لاکھ روپے ادا کئے اور اسے مزید 30 لاکھ ادا کرنے تھے۔ تاجر رفیق قریشی نے بھی جعلساز گروہ کے سرغنہ خالد سولنگی کے گرفتار بیٹے عامر کو کروڑوں کی ادائیگی کی۔