قدرت کے حسن ،ننھی چڑیا نے گرمی کی لہر کے پیش نظر حضرت انسان سے فریاد کردی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر آج کل ایک پوسٹ گردش کر رہی ہے جس میں ایک ننھی سی چڑیا کی تصویر دی ہوئی ہے جبکہ پوسٹ کو ایسا لکھا گیا ہے جیسے وہ چڑیا انسان سے فریاد کررہی ہے۔
پوسٹ میں چڑیا کی طرف سے لکھا گیا ہے کہ "میں آپ کی چھت پر ہی ہوں۔دھوپ تیز ہو گئی ہے۔ ہمارے لیے دانے اور پینے کا پانی رکھنا شروع کریں۔ ہم آپ کے لیے دعا کریں گے۔ ننھی چڑیا"۔
اس پیغام کو لوگوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور بہ یک وقت سوشل میڈیا کے سارے پلیٹ فارمز سے اسے شئیر کیا جا رہا ہے۔
اس چھوٹے سے پوسٹ میں ہمارے لئے بہت بڑا پیغام ہے۔اس کائنات میں ہمیں زندہ رہنے کا جتنا حق ہے اتنا ہی اس اس کائنات میں پائے جانے والی ہر مخلوق کا حق ہے۔
اب جبکہ انسان کو اللہ تعالی نے اشرف المخلوقات پیدا کیا ہے اس لئے تقاضہ یہی ہے کہ انسان اللہ کےان بے زبان مخلوق کے ساتھ ہمیشہ رحم کا معاملہ اپنائے۔ان کا خیال رکھیں اور بدلے میں اللہ سے اس کا اجر کمائیں۔اور اللہ تو ایسا کریم ذات ہے کہ چھوٹی سے چھوٹی نیکی پہ بھی بندے کو بخشتا ہے۔
لہذا ہمیں چاہئے کہ گھر میں پرندوں کیلئے دانے پانی کے بندوبست میں اپنا حصہ ڈالیں۔ان کیلئے گھر کے صحن میں ایک طرف دانے پانی کا انتظام ضرور کریں۔
پانی اگر سایہ دار جگہ رکھا ہو تو بہتر ہے۔ ٹینکی کی نسبت پانی ٹھنڈا رہے گا کیونکہ ہوا کے چلنے سے پانی زیادہ گرم نہیں ہوگا۔ برتن مٹی کا ہو اور اس کا منہ کھلا یعنی بڑا ہونا چاہیے۔
اپنے بچوں کو بھی اس کار خیر میں شامل کرکے ان میں مخلوق خدا سے محبت کا جزبہ پیدا کریں۔