ابوظبی: پی ایس ایل 6 کے 26ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 248 رنز کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے اور زلمی کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا۔
یونائیٹڈ کے کپتان عثمان خواجہ نے 105 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، کولن منرو 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جارح مزاج بیٹسمین آصف علی نے 14 گیندوں پر 43 رنز بنائے ان کی اننگ میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، برینڈن کنگ 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
زلمی کی جانب سے شعیب ملک اور ثمین گل ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان کی جگہ عثمان خواجہ کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ اسپنر فواد احمد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پشاور زلمی نے اسکواڈ میں امام الحق اور وقار سلام خیل کو شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی آج اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرانے میں کامیاب ہوگئی تو وہ پلے آف میں اپنی جگہ پکی کرلے گی، زلمی سے شکست کی صورت میں اسلام یونائیٹڈ کی پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کے میلے میں اب تک تیرہ میچز میں آمنے سامنے آئی ہیں، جن میں سے پشاور زلمی نے سات میچ جیت رکھے ہیں۔