صدرِ مملکت عارف علوی نےاسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث سیلابی صورتحال پر انتظامیہ کو اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کو اگر ضرورت پڑے تو وہ بھی اپنی کشتی کے ساتھ تیار ہیں۔
صدرِ مملکت عارف علوی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر 2017 کی کشتی میں سوار اسلام آباد میں سیلاب کی نگرانی کرتے اپنی ایک تصویر شیئر کرکے ساتھ میں لکھا کہ انتظامیہ کو اگر ضرورت پڑے تو وہ بھی اپنی کشتی کے ساتھ تیار ہیں۔
عارف علوی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’اسلام آباد بالکل کراچی اور پاکستان کے دوسرے تمام خوبصورت شہروں کی طرح میرا اپنا شہر ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ یقیناً اپنا کام بخوبی سر انجام دے رہی ہے، لیکن اگر ضرورت پڑے تو میں بھی اپنی کشتی کے ساتھ تیار ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی تھی، مکانات میں پانی داخل ہوگیا تھا، سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بھی بہہ گئی تھیں۔
اسلام آباد میں بادل کے پھٹنے اور مسلسل بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے گھروں میں پانی داخل ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک بچہ اور ماں جاں بحق ہوگئے تھے۔