کابل سےاڑان بھرنےوالے امریکی طیارے سے انسانی اعضاء برآمد

امریکی فضائیہ نے انکشاف کیا ہےکہ کابل ائیر پورٹ پر حالیہ افراتفری کے دوران اڑان بھرنے والے فوجی طیارے کے بعض بیرونی حصوں سے انسانی اعضاء بھی برآمد ہوئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کا کہنا ہےکہ کابل ائیرپورٹ سے روانہ ہونے والے سی 17 کے لینڈنگ گیئر اور پہیے کے اطراف سے انسانی اعضاء ملے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

طالبان کے کابل میں داخلے کے بعد کئی شہری ائیرپورٹ پر کابل کو چھوڑنے کی غرض سے جمع ہوئے تھے اور اس موقع پر  تین افراد امریکی فوجی طیارے C-17 سے لٹک گئے لیکن جہاز کے ٹیک آف کے بعد وہ تینوں گِر کر ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکی فضائیہ نے فوجی طیارے سے لٹک کر افغانستان چھوڑنے کی کوشش میں افغان شہریوں کےگرکر ہلاک ہونے کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
امریکی فضائیہ کی ترجمان نے بتایاکہ تفتیش کار افغان شہریوں کے جہاز سے گرنے کی ویڈیو سمیت سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز اور پوسٹس کا جائزہ لیں گے جب کہ قطر میں لینڈنگ کے بعد جہاز کے وہیل سے نکلنے والی لاش کا معاملہ بھی دیکھیں گے۔