حقانی خاندان کو بلیک لسٹ کرنا دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے، افغان طالبان

کابل:افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ حقانی خاندان کے افراد کو امریکی بلیک لسٹ میں شامل کرنا دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے، امریکا اور دیگر ممالک کے جارحانہ بیانات، داخلی امور میں مداخلت کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں امریکہ نے حقانی خاندان کے تمام افراد کو بلیک لسٹ کرکے سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حقانی خاندان بھی طالبان کی اسلامی امارات کا حصہ ہے، ان کی کوئی علیحدہ شناخت یا تنظیم نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ تمام طالبان حکام کو امریکی اور اقوامِ متحدہ کی بلیک لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے دوحہ معاہدے میں طے ہوا تھا،امریکی حکام کی جانب سے اس طرح کے بیانات ماضی کے ناکام تجربات کی تکرار ہیں، سفارتی سطح پر بات چیت کے ذریعے ان غلط پالیسیوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔

 ترجمان طالبان نے کہا کہ تمام طالبان حکام کو امریکی اور اقوامِ متحدہ کی بلیک لسٹ سے نکالنے کا مطالبہ اب بھی برقرار ہے۔