ای سی سی نے کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دے دی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری،پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کیلئے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 11 ارب روپے کی منظوری، 50 ہزار ٹن چینی کی درآمد سمیت کئی منظوریاں دے دیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پہلے ہی مرحلہ میں کامیاب پاکستان پروگرام ملک کے تمام صوبوں کے پسماندہ اضلاع کے علاوہ آزاد کشمیر میں بھی شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں ای سی سی نے 50 ہزار ٹن چینی کی درآمد کی بھی منظوری دیدی جو تین مراحل میں کی جائیگی۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کیلئے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 11 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ ملازمین کو تنخواہیں 2021-22 کیلئے ادا کی جائیں گی۔

اجلاس میں وزارت دفاع کی سمری پر افواج پاکستان کیلئے فنڈز جبکہ وزارت داخلہ کی سمری پر فرنٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی) سنٹر کے قیام کیلئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔