اوریگون: ایک امریکی خاتون کی پالتو کتیا نے تقریباً 25 انچ لمبے کانوں کے ساتھ اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کُون ہاؤنڈ نسل سے تعلق رکھنے والی اس کتیا کا نام ’لو‘ ہے اور یہ امریکی ریاست اوریگون میں رہنے والی خاتون، پیج اولسن کی پالتو ہے جو پچھلے تین سال سے ان کے پاس ہے۔
اگرچہ کُون ہاؤنڈ نسل کے کتے اپنے لمبے کانوں کی وجہ سے مشہور ہیں لیکن ’لو‘ ان میں بھی زیادہ لمبے کان رکھتی ہے۔
پیج اولسن کو اندازہ تھا کہ دوستانہ مزاج رکھنے والی ’لو‘ کے کان غیرمعمولی طور پر لمبے ہیں لیکن انہیں اس کے کانوں کی لمبائی ناپنے کا موقع نہیں مل رہا تھا۔
البتہ، گزشتہ برس کووِڈ 19 وبا میں لاک ڈاؤن کے دوران جب انہوں نے ’لو‘ کے کانوں کی لمبائی ناپی تو پتا چلا کہ اس کا ہر کان 12.38 انچ لمبا ہے، یعنی اس کے دونوں کان مجموعی طور پر 24.76 اِنچ لمبے (25 انچ سے معمولی کم) ہیں۔
یہ معلوم ہوجانے کے بعد انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا۔ البتہ عالمی وبا کی وجہ سے اس امر کی باضابطہ تصدیق چند روز پہلے ہی ممکن ہوئی ہے۔
اب ’لو‘ کے پاس دنیا میں سب سے لمبے کانوں والی کتیا کا اعزاز ہے جبکہ اس کا نام بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے 2022 ایڈیشن میں اشاعت کےلیے منظور کرلیا گیا ہے۔