ریاض:سعودی عرب میں الدرعیہ کمپنی فار ڈیولپمنٹ کے سربراہ جوناتھن ٹیمز نے انکشاف کیا ہے کہ دارالحکومت ریاض کے شمال میں ایک فیکٹری تعمیر کی جائے گی جہاں کچی مٹی کے گارے کی 18 کروڑ اینٹیں تیار کی جائیں گے۔
یہ اینٹیں الدرعیہ میں مٹی سے بنا دنیا کا سب سے بڑا شہر تعمیر کرنے میں استعمال ہوں گی۔عرب ٹی وی سے بات چیت میں ٹیمز نے بتایا کہ الدرعیہ گیٹ وے کی تعمیر کا کام جاری ہے جو ہاتھوں سے تیار کردہ مٹی کی اینٹوں سے بنایا جا رہا ہے۔
یہ اسی طرح بنایا جا رہا ہے جیسا کہ مملکت میں 300 برس قبل بنایا گیا تھا۔ یہ گیٹ وے دنیا میں مٹی کے سب سے بڑے شہر کا مرکزی دروازہ ہو گا۔
ٹیمز نے مزید بتایا کہ الدرعیہ میں کل 38 ہوٹل ہوں گے جن میں سے 25 ہوٹل گیٹ وے کے منصوبے میں شامل ہیں۔ان کی تعمیر کا کام 2024 تک مکمل ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں الدرعیہ میں 6 مرکزی عجائب گھر بھی ہوں گے۔
مزید برآں گیٹ وے کے منصوبے میں الدرعیہ اسکوائرپر ریٹیل کاروبار کے واسطے ایک مرکزی منصوبہ، ایجوکیشن اکیڈمی، کنگ سلمان یونیورسٹی اور دیگر منصوبے اور ملحقہ تنصیبات بھی ہوں گی۔