سوئی کے خوف سے ویکسین سے بھاگنے والے ہوجائیں اب مطمئین۔۔

ٹورنٹو، کینیڈا:یونیورسٹی آف واٹرلو کے سائنسدانوں نے  کووڈ 19 کے تناظر میں ایک منفرد روبوٹ تیار کیا ہے، جو کہ لوگوں کو سوئی کی تکلیف کے بغیر ویکسین لگاسکتا ہے۔

اس روبوٹ کا نام کوبی رکھا گیا ہے جسے یونیورسٹی آف واٹرلو میں واقع اسٹارٹ اپ ’کوبایونکس‘ نے  بنایا ہے اور جسے کئی افراد پرکامیابی سے آزمایا گیا ہے۔ اس کا اصول بہت سادہ ہے پہلے سے رجسٹرشدہ افراد کسی ایسے شفاخانے جاتے ہیں جہاں یہ روبوٹ موجود ہوتا ہے۔ ویکسین لگوانے کے لیے روبوٹ کیمرے کے تھری ڈی سینسر مریض کی شناختی علامت کو پڑھتے ہیں۔

اس تصدیق کے بعد روبوٹ بازو اندر بھری ویکسین سے ایک خوراک کھینچتا ہے۔ پھر وہ مریض کے بازو کو دیکھ کر تھری ڈی نقشہ بناتے ہیں۔ اس دوران مصنوعی ذہانت ( اے آئی) والا سافٹ ویئر ویکسین لگانے کی مناسب ترین جگہ کی شناخت کرتا ہے۔ اس کے بعد روبوٹ بازو انسانی جلد سے مس ہوتا ہے اور بال سے بھی باریک سوراخ کے ذریعے ویکسین کو ایک پریشر سے اندر داخل کردیتا ہے۔ لیکن اس عمل کی مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہیں۔ شاید وہ کوئی کاروباری راز ہوسکتی ہے۔

کوبایونکس کمپنی کے شریک سربراہ ٹِم لیسویل نے کہا ہے کہ اگلے دوبرس میں ویکسین روبوٹ مارکیٹ میں عام دستیاب ہوگا ۔ یہ روبوٹ بہت تیزی سے انسانوں کی بڑی تعداد کو ویکسین لگا سکے گا۔ دوسری جانب دورافتادہ علاقوں میں اپنی خدمات انجام دے سکے گا جہاں مناسب طبی عملے کا شدید فقدان ہوتا ہے۔