ٹی20ورلڈکپ2022،پاکستان سمیت8ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کرلیا

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022کے سپر 12مرحلے میں براہ راست رسائی حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست جاری کردی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022کے سپر 12مرحلے میں خود بخود رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے حتمی نام سامنے آگئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سپر 12مرحلہ کھیلنے والی 12ٹیموں میں سے 8ٹیمیں آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ کے سپر 12مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں اور انہیں اس مرحلے میں داخلے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیلنا پڑے گا۔

وہ 8ٹیمیں جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022کے سپر 12مرحلے میں داخلے کی حقدار ہوچکی ہیں ان میں میزبان آسٹریلیا، انگلینڈ ، بھارت، پاکستان ، نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقہ، افغانستان اور بنگلادیش شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق سپر 12مرحلے میں خود بخود رسائی کے لیے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم اور رنر اپ سمیت فائنل کے بعد 15نومبرکو بننے والی رینکنگ کے لحاظ سے بقیہ 6ٹاپ ٹیموں کا فارمولا رکھا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد گذشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فاتح ویسٹ انڈیز رینکنگ میں 10ویں نمبر پر چلا گیا ہے اور بنگلادیش 8نمبر پر آکر سپر 12 مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بناچکا ہے جبکہ سری لنکا نویں نمبر پر موجود ہے۔

 آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ پہلے نمبر پر براجمان ہے جس کے بعد بالترتیب پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا موجود ہیں اور ان کی پوزیشن میں تبدیلی مشکل ہے اور ساتویں نمبر پر موجود افغانستان کے بھی آٹھویں نمبر سے نیچے آنےکا امکان نہیں ہے۔

آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کو 2021کا سپر 12مرحلہ کھیلنے والی دیگر 2 ٹیموں اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے ساتھ راؤنڈ ون مرحلہ کھیلنا ہوگا جس میں کامیابی کے بعد ہی وہ سپر 12مرحلے کے لیے کوالیفائی کرسکیں گی۔