لاہور:انگلینڈ نے اگلے سال ستمبر میں دورہ پاکستان میں دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے لاہور میں ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا۔
بیان کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم کا ستمبر/اکتوبر 2022 میں پاکستان کا دورہ شیڈول ہے، تاہم آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2022 میں شرکت کے بعد دوبارہ نومبر اور دسمبر میں انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے واپس پاکستان آئے گی۔
پی سی بی کے مطابق یہ تین ٹیسٹ میچ آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چمپین شپ کا حصہ ہوں گے۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے کہا کہ میں اور ای سی بی کے سینئر ڈائریکٹر مارٹن ڈارلو نے پی سی بی کے ساتھ چند معاملات پر براہ راست بات کرنے کے لیے لاہور کا دورہ کیا۔
معاملات کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ اکتوبر میں ہماری جانب سے دورے کی منسوخی کے بعد گزشتہ چند ہفتوں میں کچھ معاملات پیش آئے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم مستقبل پر بھی بات کرنا چاہتے تھے کیونکہ دونوں بورڈز کے تاریخی تعلقات ہیں اور ہم ایجنڈے کو ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
ای سی بی کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ ہم ستمبر/اکتوبر 2022 میں دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے اور اس کے بعد ہم آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیل کر ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے واپس آئیں گے تاکہ دورہ مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان میں انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں کرکٹ کھیلیں گی اور پاکستان میزبان ہوگا۔