باب وولمر مرنے سے قبل کلمہ پڑھ چکے تھے، انضمام الحق

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے سابق کوچ باب وولمر مرنے سے پہلے کلمہ پڑھ چکے تھے۔

51 سالہ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ مرنے سے 4 دن پہلے باب وولمر نے کلمہ پڑھا تھا، وہ سابق ٹیسٹ کرکٹرمشتاق احمد کے سامنے کلمہ دہراتے رہے اور اسلا م سے متعلق معلومات لیں۔علما بتائیں باب وولمر مسلمان ہو چکے تھے یا نہیں؟۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2007ء  میں پاکستانی کی آئرلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد 18 مارچ 2007ء کو باب وولمر کو ہوٹل کے کمرے میں مردہ پایا گیا تھا۔

پولیس نے ان کی موت کو قتل قرار دیا تھا، بعدازاں اس سلسلے میں مزید تفتیش کے بعد 12 جون 2007ء کو جمیکن پولیس حکام نے تصدیق کر دی کہ ان کی موت طبعی وجوہات کی وجہ سے ہوئی تھی۔

تین غیر جانبدار پتھالوجسٹس کی رپورٹس اور ٹاکسالوجی ٹیسٹ سے یہ واضح ہوا کہ وولمر طبعی موت کا شکار ہوئے اور ان کے جسم میں کسی قسم کا زہر موجود نہیں تھا۔ یوں کئی مہینوں تک ان متنازع موت کا مسئلہ حل ہوا۔

واضح رہے کہ باب وولمر کو 2005ء  میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا اور 2007ء کے ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں ہی پاکستانی ٹیم کی پہلے ویسٹ انڈیز اور پھر آئرلینڈ جیسی نوآموز ٹیم کے ہاتھوں شکست پر ان کے مستعفی ہونے کی نوبت ہی نہ آئی۔