شعیب اختر اینکر تنازع حل،صلح کی ویڈیو جاری

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور سرکاری ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان صلح ہوگئی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق شعیب اختراور ڈاکٹر نعمان نیاز کی صلح وفاقی وزیر فواد چوہدری کے گھر پر ہوئی،  الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نعمان نیاز شعیب اختر کے ہمراہ کھڑے ہیں اور ان کے سامنے ان سے اپنے کیے گئے غیر اخلاقی عمل کی معافی مانگی ہے۔

نعمان نیاز نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا میں تہے دِل سے معافی مانگتا ہوں ،مجھے بہت افسوس ہے جواسکرین پر ہوا وہ نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ہماری تیس سال کی دوستی ہے،جو ختم نہیں ہونی چاہیئے۔

تاہم دونوں کی صلح کے موقع پر وزیراطلاعات فوادچودھری،اور سینئراینکر سلیم صافی بھی موجود تھے۔

اس سے قبل بھی نعمان نیاز نے اپنا بیان جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی میں تلخ کلامی ہوئی تھی، ڈاکٹر نعمان نیاز نے کرکٹر کو آن ائیر پروگرام سے جانے کا کہا جس پر شعیب اختر نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔