انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نگاہیں اب امریکا پر ٹک گئی ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوا تو امریکا جلد ہی ایک عالمی ایونٹ کی میزبانی کر سکتا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے اگلے سائیکل میں 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا کو سونپنے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
آئی سی سی نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ 2024 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے امریکا کرکٹ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر بولی لگا سکتے ہیں۔
ایسے میں اس بات کا قوی امکان ہے کہ 20 ٹیموں اور 55 میچز کے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی امریکی اور کیریبین بورڈ کو دی جا سکتی ہے۔
دراصل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایک طویل عرصے سے نئے ابھرتے ہوئے ممالک کو میگا ایونٹس کی میزبانی کے حقوق دینے کی خواہش مند ہے۔
2024 اور 2031 کے درمیان، آئی سی سی کئی ٹورنامنٹس کی میزبانی کرنے والا ہے، جس کا آغاز 2024 کے T20 ورلڈ کپ سے ہوگا۔
کہا جا رہا ہے کہ 2021 اور 2022 کے ایڈیشن کے مقابلے میں یہ ایڈیشن 20 ٹیموں اور 55 میچز پر مشتمل ہوگا، دیگر ایڈیشنز میں 16 ٹیمیں اور 45 میچز کھیلے جاتے ہیں۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ 2024 کے ایڈیشن میں کرکٹ ویسٹ انڈیز امریکا کے ساتھ شریک میزبان کے طور پر شامل ہوگا۔
آئی سی سی کے اولمپک کے حوالے سے یہ عزم ہے کہ 2028 میں لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کے کھیل کو بھی شامل کیا جا سکے، ایسے میں امریکا کو ایک انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی دینا منطقی ہے۔
2024 ورلڈ کپ ایڈیشن کے علاوہ آئی سی سی کی جانب سے پچاس اوورز کے 2 عدد ورلڈ کپس کے انعقاد کی منصوبہ بندی بھی کی جا چکی ہے، جو 2027 اور 2031 میں منعقد ہوں گے۔
کرکٹنگ باڈی 50 اوورز کی 2 چیمپئنز ٹرافیز (2025 اور 2029) پر بھی نظر رکھے گی۔ جب کہ تین اضافی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس (2026، 2028 اور 2030 میں) کی بھی منصوبہ بندی ہے۔