حسن علی کی اہلیہ نے دھمکیاں ملنے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو نے فیملی کو دھمکیاں ملنے کی خبروں مسترد کر دیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے بلے باز میتھیو ویڈ کا اہم کیچ ڈراپ کرنے پر بولر حسن علی کو سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کی جانب سے پاکستان کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے کا ذمہ دار قرار دیا تاہم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بولر کے لیے حوصلہ افزا پیغامات لکھے۔

 

حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو نے اپنے نام سے بنے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری پر کہا ہے کہ اس اکاؤنٹ سے متعدد ٹوئٹس دیکھنے کو ملیں جن کے مطابق مجھے، حسن علی اور ہماری بیٹی کو دھمکیاں مل رہی ہیں، یہ بالکل جھوٹ ہے، ہمیں پاکستانیوں کی سپورٹ حاصل ہے۔

سامعہ آرزو نے درخواست کی کہ ان بیانات پر کان نہ دھریں اور ایسے اکاؤنٹس کو فالو نہ کریں، میرا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ نہیں ہے، اس جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں۔