ورلڈکپ فائنل،آسٹریلیا نے ٹاس جیت لیا، نیوزی لینڈ کو کھیلنے کی دعوت

دبئی: آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ انگلینڈ کو جبکہ آسٹریلیا پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا ہے۔

آج نیوزی لینڈ اہم ترین میچ سے قبل اپنے اہم ترین کھلاڑی کونوے کی خدمات سے محروم ہے۔ کونوے انگلینڈ سے سیمی فائنل میں آؤٹ ہونے کے بعد بیٹ پر زوردار پنچ جڑنے کی وجہ سے ہاتھ تڑوا بیٹھتے ہیں۔

اسی مقابلے میں جمی نیشم نے 11 بالز پر 27 رنز اسکور کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور آج ایک بار پھر وہ بڑے مقابلے میں اپنا اہم حصہ ڈالنے کے لیے بے قرار ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم ٹائٹل فیورٹ پاکستان کو مات دینے کی وجہ سے کافی پُراعتماد ہے۔ اس کامیابی میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ میتھیو ویڈ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کو لگاتار 3 چھکے جڑ کر ایک اوور قبل ہی کھیل ختم کردیا تھا۔