پریکٹس سیشن میں جھنڈا لگانے کا معاملہ، پی سی بی کا بنگلا دیش بورڈ سے رابطہ

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ  نے کہا ہے کہ بنگلا  دیش کرکٹ بورڈ سے ڈھاکا میں پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی پرچم لگانے کے لیے رسمی اجازت مانگی گئی ہے۔

 اس حوالے سے  بنگلا دیش بورڈ اپنے فیصلے سے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کرے گاتاہم فی الحال بی سی بی نے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا اور نہ ہی کوئی احتجاج کیا۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ دو طرفہ سیریز میں میچوں کے دوران گراؤنڈ پر دونوں ملکوں کے پرچم لہرائے جاتے ہیں، اس لیے گراؤ نڈ میں پریکٹس کے دوران اگرکوچز پرچم لگاتے ہیں تو اس میں حساسیت والا کوئی معاملہ نہیں۔

پی سی بی نے 2دن بعد جمعرات کو میزبان بورڈ سے اس بارے میں باضابطہ اجازت طلب کی ہے اگر بنگلا دیش بورڈ پاکستانی ٹیم انتظامیہ کے فیصلے پر اعتراض کرتا ہے تو پھر بورڈ اس بارے میں اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس سے ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کرے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ثقلین مشتاق کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم ہر پریکٹس سیشن کے دوران پچ کے قریب پاکستانی پر چم لگاکر پریکٹس کرتی ہے۔

 ثقلین کو جب مصباح الحق کی جگہ عبوری مدت کے لیے کوچ بنایا گیا تو ستمبر میں پنڈی اسٹیڈیم میں پہلی بار نیوزی لینڈ کے پاکستان کے دورے میں بھی پریکٹس کے دوران فیلڈ میں پاکستان کا جھنڈا لگایا گیا تھا۔