شاہین آفریدی نے میچ کے دوران اپنی غلطی پر معافی مانگ لی

ڈھاکا: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے عافیف حسین سے معافی مانگ لی۔

پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں ایک موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے بال کو تیز تھرو کیا، جو عافیف حسین کے ٹخنے پر زور سے لگی۔

گیند لگنے کے بعد عافیف تکلیف کی وجہ سے میدان میں لیٹ گئے، جس کے بعد ڈاکٹرز کو طلب کر کے معائنہ کرایا گیا۔

بعد ازاں ہنگامی طبی امداد کے بعد عافیف نے بیٹنگ کو جاری رکھا اور وہ 20 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر کیپر کیچ آؤٹ ہوئے۔

میچ کے بعد شاہین شاہ آفریدی عافیف کے پاس گئے، مصافحہ کر کے خیریت دریافت کی اور تھرو لگنے پر اُن سے معذرت بھی کی۔

خیال رہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔