تیسرا ٹی ٹوئنٹی؛بنگلادیش کا پاکستان کو 125 رنز کا ٹارگٹ

 بنگلادیش نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 125 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ جبکہ  ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں پہلے دو میچ جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

ڈھاکا میں کھیلی جارہی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز میں ہی پہلی وکٹ صرف 7 کے مجموعی اسکور پر گرگئی جس کے بعد محمد نعیم اور ون ڈاؤن آنے والے شمیم حسین نے اسکور آگے بڑھایا، محمد نعیم نے 47 جب کہ شمیم حسین نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستانی بولنگ اٹیک کے آگے بنگلادیش کی بیٹنگ ایک بار پھر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور کوئی بھی بنگلادیشی کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ لی۔ شاہنواز دھانی نے آج اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا ہے جب کہ  آل راؤنڈر شعیب ملک بیٹے کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب بنگلادیش کے خلاف تیسرے ٹی 20 سے دستبردار ہوچکے ہیں۔

آج کھیلے جارہے میچ میں فخر زمان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان دو میچز جیت کر سیریز اپنے نام کرچکا ہے۔