سرمایہ کاری میں احتیاط

آج کل ایک بڑا فراڈ چل رہاہے کہ کچھ لوگ جعلی کمپنیاں بنا کر اُن کی تشہیر اس طرح کرتے ہیں کہ سادہ لوح لوگ ان کے جا ل میں پھنس جاتے ہیں۔ یہ فراڈیئے کمپنیوں میں سرمایہ کاری پر معقول منافع کی خوش خبریوں کے پوسٹر چھپواتے ہیں اور لوگوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ساردہ لوح یا لالچی لوگ ان کے جھانسے میں آجاتے ہیں اور اپنی زندگی بھر کی کمائی ان کمپنیوں کے حوالے کر دیتے ہیں اور بعد میں پتہ چلتا ہے کہ یہ سب کچھ فراڈ تھا۔ آئے دن آپ اس قسم کی خبریں سنتے ہیں کہ فلاں کمپنی جس میں لوگوں نے اربوں کی سرمایہ کاری کی تھی اس کا تو وجود ہی نہیں ہے۔ فراڈیئے کسی شہر میں ایک دفتر کھولتے ہیں۔ اس کوبہت اچھی طرح سجا دیتے ہیں اور ایک کمپنی کا بورڈ آویزاں کر دیتے ہیں اور میڈیا کے مختلف ذرائع سے اشتہار دے دیتے ہیں کہ فلاں کمپنی میں سرمایہ کاری کریں تو آپ کو معقول منافع دیا جائے گا۔ سادہ لوح لوگ منافع کی لالچ میں اپنی کمائی ان کمپنیوں کے حوالے کر دیتے ہیں کوئی خود ان کے دفتر میں جا کر اور کوئی بذریعہ ڈاک اپنا سرمایہ ان کمپنیوں میں لگاتے ہیں۔ ان کے باقاعدہ بینک اکاؤنٹ ہوتے ہیں اور باقاعدہ دفاتر بھی ہوتے ہیں۔ ان سے دو بدوبات بھی ہوتی ہے اور ذریعہ خط و کتا بت بھی۔ یہ لوگ بہت زیادہ منافع کا لالچ دیتے ہیں اور جب لوگ ان کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر لیتے ہیں اور ان کے پاس کافی روپیہ جمع ہو جاتا ہے تو وہ اپنا دفتر سمیٹ کر رفو چکر ہو جاتے ہیں اور سرمایہ لگانے والے ڈھونڈتے پھرتے ہیں کہ یہاں جو دفترتھا وہ لوگ کہاں گئے اور ساتھ پڑوس والوں کو بھی معلوم نہیں ہوتا کہ یہ کون لوگ تھے کہاں سے آئے تھے اور کہاں چلے گئے ہیں اور سرمایہ لگانے والے اپنی کمائی کے کھو جانے کا ماتم کر رہے ہوتے ہیں۔ ایسے بہت سے واقعات سامنے آ چکے ہیں اور بہت سے سادہ لوح لوگ اپنی عمر بھر کی کمائی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں مگر ان فراڈیوں کا کوئی کچھ نہیں کر سکا اس لئے کہ یہ ایسے لوگ ہوتے ہیں کہ جو اپنے پیچھے اپنا نشان نہیں چھوڑتے۔جہاں یہ کرائے کے دفتر لیتے ہیں ان کے پاس پڑوس والوں کو بھی کچھ معلوم نہیں ہوتاکہ یہ کون لوگ ہیں اور ان کا کیا کاروبار ہے۔ جب یہ اچھے خاصے لوگوں کو بے وقوف بنا کر اُن کو لوٹ کر جا چکے ہوتے ہیں تو ان کے نشانہ بننے والے لوگ ان کو ڈھونڈتے پھرتے ہیں مگر کسی کوبھی ان کا پتہ معلوم نہیں ہوتا۔ بہت زیادہ لوگ ان کے ہاتھوں لٹ چکے ہیں مگر ان کا کسی کو بھی معلوم نہیں کہ کہاں سے آئے تھے اور کہاں چلے گئے ہیں۔ یہ فراڈ آج کل بہت زیادہ چل رہاہے اور لوگ اپنے سرمائے سے محروم ہو رہے ہیں مگر اس کے باوجود نہ لوگ باز آتے ہیں اور نہ فراڈیئے کسی کے ہاتھ لگتے ہیں۔ افسوسناک بات ہے کہ جن لوگوں کو اپنا پیسہ بغیر محنت کے دگنا کرنا ہے وہ اسی طرح سے اپنا پیسہ گنوا رہے ہیں۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ وہ کون سا کاروبار ہے کہ جس میں آپ کا پیسہ مہینوں بلکہ دنوں میں دگنا ہو جاتا ہے۔ اگر آپ کوئی ایسا کاروبار نہیں کر سکتے کہ جس میں آپ کو اتنا منافع مل جائے کہ آپ دنوں میں سرمایہ داربن جائیں تو جان لیجئے یہ صرف فراڈ ہی سے ممکن ہے اور جو آپ کو آپ کا پیسہ مہینوں میں دگنا کر کے دے رہاہے وہ صرف فراڈ کر رہاہے اس لئے ایسے لوگوں سے بچئے۔ بہت سے لوگ جو اپنے سرمائے کو دنوں میں دگنا کرنے کے لالچ میں آئے وہ آج تک اپنا سر پیٹ رہے ہیں ا ور اپنا سرمایہ گنوا چکے ہیں اس لئے جب آپ کو کوئی بھی شخص یا کمپنی ایسا لالچ دے تو سمجھیں کہ یہ فراڈ ہے اور اس قسم کا کوئی کاروبار نہیں ہے کہ جہاں اتنا زیادہ منافع مل سکے کہ آپ کی رقم دنوں میں کئی گنا بڑھ جائے  اس تمام بحث کا یہ مطلب نہیں کہ اس شعبے میں اچھے اور قابل اعتماد لوگ نہیں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کے بہت سے ادارے ایسے ہیں جو اس حوالے سے بہترین مثال کی حیثیت سے موجود ہیں۔