ریاض: سعودی عرب کے صوبہ جازان میں غیر ملکی مرد و خواتین کی مختصر لباس میں برازیل کے روایتی رقص سامبا کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان میں جاری جازان فیسٹیول 2022 کے دوران بنائی گئی ایک ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد لوگوں نے سخت ناگواری کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مرد و خاتون کو روایتی برازیلی ڈانس سامبا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون نیم عریاں لباس میں دکھائی دیتی ہیں، تاہم انہوں نے روایتی برازیلی سامبا ڈانسرز سے قدرے بہتر لباس پہن رکھا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی عرب کے مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے جازان کی گلیوں میں غیرملکی افراد کے نیم عریاں لباس کے رقص کو مذہبی و سماجی روایات کے خلاف قرار دیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جازان کے گورنر اور انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ مذکورہ ویڈیو جازان فیسٹیول 2022 کی ہی ہے، جس میں دنیا بھر سے لوگ شریک ہیں۔
انتظامیہ نے غیرملکی افراد کی وائرل ہونے والی رقص کی ویڈیو کی طرف داری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ویڈیو مذہبی اور سماجی روایات کے خلاف نہیں۔
حکام کے مطابق مذکورہ ویڈیو تفریحی میلے کا ایک حصہ تھی اور تفریحی ویڈیو کو غلط رنگ نہ دیا جائے، تاہم لوگوں کی جانب سے سخت تنقید کے بعد گورنر جازان نے معاملے کی تحقیق کا حکم دے دیا۔