تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس پر آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 101 اور بین مکڈر موٹ 55 رنز بناکرنمایاں رہے، ان کے علاوہ مارکس اسٹوئنس 26 ، مارنس لبوسخانے 25 اورکپتان ایرون فنچ نے 23 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2،2 جب کہ افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر نے ون ڈے ڈیبیو کیا جب کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے میں گیند لگنے کے باعث 11 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں۔