لیونل میسی کرپٹو فین ٹوکن کمپنی کے برانڈ ایمبسیڈر مقرر

ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی نے کرپٹو کرنسی کی دنیا میں‌ داخل ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کے فٹبالر لیونل میسی کو کرپٹو فین ٹوکن کمپنی کا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کردیا گیا۔

ڈیجیٹل فین ٹوکن کمپنی سوسیوس کی جانب سے ٹوئٹرپرجاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مل کر ہم یہ کرسکتے ہیں، مل کراوربھی زیادہ کرسکتے ہیں۔ ہم اپنے پہلے گلوبل ایمبیسڈرلیونل میسی کو متعارف کرارہے ہیں۔

کمپنی کے مطابق سوسیوس ڈاٹ کام نے آفیشل سفیربننے کے لیے میسی کے ساتھ 20 ملین ڈالرکا معاہدہ کیا ہے۔

معاہدے کے مطابق میسی نومبر2022 سے قطرمیں شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے دوران سوسیوس ڈاٹ کام کی تشہیری مہم میں شامل ہوں گے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگرچہ برانڈ ایمبیسڈربننے کے لیے میسی کوکرپٹو کرنسی کی شکل میں ادائیگی نہیں کی جائے گی، لیکن لیونل کے گزشتہ سال اگست میں ایف سی بارسلونا سے پیرس سینٹ جرمین تبادلے میں کرپٹو کرنسی کی ادائیگیاں ضرورشامل تھیں۔

رپورٹ کے مطابق تیزی سے بڑھتی ہوئی کرپٹوانڈسٹری اورڈیجیٹل اثاثوں کے پلیٹ فارمزاب اپنی تشہیرکے لیے نام ورکھلاڑیوں کو ساتھ شامل کررہے ہیں۔