کپتان بابر اعظم کی لگاتار دوسری سنچری، پاکستان نے آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز جیت لی 

پاکستان نے کپتان بابراعظم کی شان دار سنچری اور امام الحق کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو آخری میچ میں شکست دے کر سیریز1-2 سے جیت لی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے الیکس کیری نے 56، شان ایبٹ نے 49 اور کیمرون گرین نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان تین کھلاڑیوں کے سوا مہمان ٹیم کی جانب سے دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف نے 3،3 آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2، زاہد محمود اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں جب پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو فخر زمان 17 رنز بنا کر 24 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم اور امام الحق نے ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو میچ کے ساتھ ساتھ سیریز میں فتح دلائی۔پاکستان نے 38 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 214 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔

بابراعظم نے مسلسل دوسری سنچری بنائی اور آؤٹ ہوئے بغیر 105 رنز کی اننگز بنائی۔امام الحق نے ناقابل شکست 89 رنز بنائے۔

قبل ازیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے لگاتار تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر ایک مرتبہ پھر باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے فیصلہ کن میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی، سعود شکیل کی جگہ آصف علی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی تھی جہاں مچل سویپسن کی جگہ جیسن بہرنڈروف کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر تھیاور سیریز اپنے نام کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو اس میچ میں فتح ضروری تھی۔