ٹی 20میچ، پاکستان نے آسٹریلیا کو 163رنز کا ہدف دیدیا 

لاہور:لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے واحد ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 163رنز کا ہدف دیدیا۔

کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ  66رنز بنائے انہوں نے 46بالوں کا سامنا کیا، ان کی اننگز میں 2 شاندار چھکے اور 6چوکے شامل تھے۔

اس سے قبل آسٹریلیا ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

محمد رضوان اور بابر اعظم نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 67رنز سکور کئے تاہم محمد رضوان 23رنز کے سکور پر کیمرون گرین کی بال پر بولڈ ہوگئے۔

تیسرے نمبر پر آنیوالے جارح مزاج بلے باز فخر زمان پہلی بال پر ہی کیچ دے بیٹھے، اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں 163     رنز کا ہدف دیا 

خوشدل خان نے 24، آصف علی نے 3،حسن علی نے 10، افتخار احمد نے 13رنز کی اننگز کھیلی۔ آخری نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے عثمان قادر نے 6بالوں پر 18رنز سکور کئے۔پاکستان نے20اوورز میں  8وکٹوں کے نقصان پر 162رنز بنائے۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن ایلیس نے سب سے زیادہ 4وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیمرون گرین نے 2، ایبٹ اور ایڈم زمبا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی 

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-1سے شکست دی تھی جبکہ 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-0سے آسٹریلیا کے نام رہی تھی۔