محکمہ جاتی کھیلوں کو بحال کرنے پر غور شروع

اسلام آباد: حکومت نے محکمہ جاتی کھیلوں کو بحال کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی سابق حکومت نے تمام کھیلوں کی محکمہ جاتی ٹیمیں ختم کر دی تھیں، نئی حکومت انھیں دوبارہ بحال کرنے پر غور کر رہی ہے۔

توقع ہے کہ جلد ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بحال کرنے اور قومی اداروں کو ٹیمیں بنانے کی ہدایت جاری کر دی جائے گی، سرکاری محکموں سے بر طرف کیے گئے کھلاڑیوں کو بھی بحال کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2020 میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کے کرکٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کے بعد محکمہ جاتی کرکٹ کی بحالی کی امیدیں بھی دم توڑ گئی تھیں، انھیں ملک میں ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کا بڑا حامی سمجھا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو محکمہ جاتی کرکٹ بحال کرنے میں سنجیدہ نہ دیکھ کر انھوں نے کرکٹ بورڈ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔