یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا اور چینی سستا ہوتے ہی غائب

ملک کے بیشتر شہروں میں یوٹیلیٹی اسٹورز  پر آٹا اور چینی سستا ہونےکے بعد نایاب ہوگئے اور اس کے ساتھ گھی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

اسلام آباد کے شہریوں کا شکوہ ہےکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی کے تحت ماہانہ 5 کلو چینی کے بجائے 2 یا 4 کلو ہی چینی دی جارہی ہے، سستا گھی بھی دوسرے درجےکی کوالٹی کا فراہم کیا جارہا ہے۔

فیصل آباد کے مختلف یوٹیلیٹی اسٹورزپر آٹا، گھی اور چینی غائب ہے جس کی وجہ سے شہری مایوس لوٹ رہے ہیں۔

ملتان کے مختلف یوٹیلیٹی اسٹورزپر بھی گھی، آٹا اور چینی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث شہریوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

کوئٹہ میں رمضان پیکج کے تحت مختلف یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا دستیاب نہیں ، بعض اسٹورز پر شہریوں کو رعایتی قیمت پر گھی بھی نہیں مل رہا ہے۔

گوجرانوالا کے یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا چینی دالیں تو دستیاب ہیں لیکن سبسڈائز گھی دستاب نہیں۔

ادھر کراچی کے 35 بچت بازاروں میں آٹے کے سرکاری اسٹالز لگانے کی ہدایت پر عمل درآمد نہ ہوسکا۔

ایف سی ایریا لیاقت آباد اور گلستان جوہر میں آٹے کا اسٹال نہیں لگایا گیا، بچت بازار انتظامیہ کا کہنا ہے انہیں کوئی ہدایت نہیں ملی جب کہ کمشنر کراچی نے شہریوں کو رعایتی قیمت پر آٹے کی فراہمی کا دعویٰ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں رمضان کے دوران عوام کو دیےگئے ریلیف پیکج پرعمل درآمد یقینی بنانےکی ہدایت کی ہے۔

خیال رہےکہ آٹا اور چینی سمیت یوٹیلیٹی اسٹورز نے رمضان المبارک میں 19 اشیاء رعایتی نرخ پر فراہمی کا پیکج دیا تھا جس میں گھی 260 روپےکلو بھی شامل ہے، لیکن سستا گھی صارفین کو میسر نہیں ہے۔